کوئٹہ: بجٹ اجلاس کے دوران گرینڈ الائنس کا اسمبلی کی جانب مارچ، پولیس شیلنگ اور گرفتاریاں

30

بلوچستان گرینڈ الائنس کے ملازمین کا مطالبات کے حق میں صوبائی اسمبلی کی جانب مارچ کی کوشش کی، پولیس نے شیلنگ کرتے ہوئے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز بلوچستان اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے موقع پر بلوچستان گرینڈ الائنس کی جانب سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں، جو چمن پھاٹک کے مقام پر جمع ہوئیں۔

بعد ازاں مظاہرین نے صوبائی اسمبلی کی جانب مارچ شروع کیا، تاہم پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

اس دوران پولیس نے شیلنگ کرتے ہوئے کارروائی کی اور بلوچستان گرینڈ الائنس کے کنوینر عبدالقدوس کاکڑ سمیت 10 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے کر تھانوں میں منتقل کر دیا۔

مختلف مقامات پر پولیس اور احتجاجی ملازمین کے درمیان بھاگ دوڑ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

بلوچستان گرینڈ الائنس کے آرگنائزر قدوس کاکڑ نے کہا کہ ملازمین ہر صورت اسمبلی کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ملازمین کا جمہوری حق ہے۔

واقعے کے بعد کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی، جبکہ پولیس کی جانب سے متعدد ملازمین کی گرفتاریوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔