بلوچستان میں پلوں پر حملوں کا سلسلہ جاری، نوشکی میں پل دھماکے سے تباہ

210

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں منگل کے روز ایک پل کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا ہے، یہ بلوچستان میں پلوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا تسلسل ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق نوشکی کے علاقے کیشنگی میں واقع لنک روڈ پر قائم ایک پل کو نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کرکے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پل مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ علاقے کو ملانے والی رابطہ سڑک بھی متاثر ہوئی۔

خیال رہے کہ اس قبل ضلع سوراب کے قریب کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر قائم ایک اہم پل بھی دھماکے سے تباہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے پل کے نیچے بارودی مواد نصب کیا تھا، جو دھماکے سے پھٹ گیا۔ واقعے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

تاحال کسی نے ان دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران مواصلاتی انفراسٹرکچر، شاہراہوں اور سرکاری تنصیبات پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ واقعات ایک روز قبل بولان کے قریب پیش آنے والے حملے کے بعد سامنے آئے ہیں، جہاں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم نے ایک پل کو نشانہ بنایا تھا۔ مذکورہ حملے کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا اور علاقے میں آمدورفت عارضی طور پر معطل ہوگئی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے اضلاع خاران، دالبندین اور نوشکی میں پلوں پر حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔