فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے قریب آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو گئی

40

فلپائن کے حکام کے مطابق جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے ساحل کے قریب آنے والے 7.8 شدت کے خطرناک زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

زلزلہ سوموار کی صبح مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 37 منٹ پر آیا جس کے بعد فلپائن، انڈونیشیا، جاپان اور آسٹریلیا میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں متعدد عمارتوں کو منہدم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جن میں ’جولی بی‘ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کی ایک شاخ بھی شامل ہے جو مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

سوموار کی سہ پہر جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں فلپائن کے دفتر برائے شہری دفاع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے 31 افراد کا تعلق ’سوکسارگن‘ ریجن سے ہے، جبکہ چار اموات ’داواؤ‘ میں رپورٹ ہوئی ہیں۔

فلپائنی حکام کے مطابق زلزلے کے باعث کم از کم 134 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ تقریباً 10 ہزار خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔

حکام نے اس سے قبل ہلاکتوں کی تعداد 32 بتائی تھی، جبکہ 12 افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں۔

منڈاناؤ فلپائن کا رقبے اور آبادی دونوں اعتبار سے دوسرا بڑا جزیرہ ہے، جہاں تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ افراد آباد ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جانی نقصان کے اعداد و شمار کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کی جانب سے ابھی تصدیق ہونا باقی ہے، جو مختلف مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی رپورٹس کا جائزہ لے کر ان کی توثیق کرتی ہے۔ ادارے کی جانب سے آئندہ چند روز میں باضابطہ تازہ رپورٹ جاری کیے جانے کی توقع ہے۔