بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ضلع خضدار کے علاقے بلبل زہری میں سردار نصیر احمد موسیانی کے گھر پر کارروائی کے دوران ان کے صاحبزادے خلیل احمد موسیانی کو زخمی حالت میں فورسز اپنے ساتھ لے گئیں، جبکہ بعد ازاں اہلِ خانہ کو ان کی لاش وصول کرنے کے لیے اطلاع دی گئی۔
سردار اختر مینگل کے مطابق بلبل زہری میں کارروائی کے دوران سردار نصیر احمد موسیانی کے گھر کی حرمت پامال کی گئی اور ان کے بیٹوں سمیت متعدد قریبی رشتہ داروں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خلیل احمد موسیانی بلوچستان نیشنل پارٹی خضدار کے سینئر نائب صدر تھے، جبکہ ان کے والد سردار نصیر احمد موسیانی سابق ضلع چیئرمین، بی این پی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور علاقے کی ایک معروف سیاسی و قبائلی شخصیت ہیں۔
بی این پی سربراہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خلیل احمد موسیانی کی ہلاکت اور دیگر افراد کی گرفتاریوں نے علاقے میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ سیاسی مکالمے، آئینی راستوں اور عوامی اعتماد کی بحالی میں مضمر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون اور انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔


















































