متحدہ عرب امارات کے وفاقی پراسیکیوٹر حمد سیف الشامسی نے کہا ہے کہ فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 سے متعلق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ معاون پائلٹ نے دہشت گرد حملے کی کوشش کی تھی۔
اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق حمد سیف الشامسی نے بتایا کہ معاون پائلٹ نے دورانِ پرواز اپنے منصوبے پر عمل شروع کیا، کاک پٹ میں کپتان پر فائر ایکسٹنگوئشر توڑنے والی کلہاڑی سے حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے مکمل حالات، حملے کے محرکات اور اس سے متعلق دیگر روابط کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام تکنیکی جانچ مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ واقعے سے متعلق مادی اور ڈیجیٹل شواہد کا بھی تجزیہ کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے کے حالات و واقعات کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔













































