بلوچ قوم کے حقوق کے تحفظ کے لیے امریکہ کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے ۔ بی این ایم احتجاج

9

بلوچ نیشنل موومنٹ کے جاری بیان کے مطابق سیئٹل، واشنگٹن میں بی این ایم کے زیر اہتمام ایک احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بلوچ آبادی کے خلاف فوجی کارروائیوں اور بمباری کے حوالے سے امریکی عوام کو آگاہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مختلف مطالبات پرمشتمل پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔

بیان کے مطابق احتجاج کے دوران مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں بلوچ قوم کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، تشدد اور فوجی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی کارروائیوں اور بمباری کے نتیجے میں بلوچ شہریوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ مقررین نے امریکی عوام سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائیں، کیونکہ امریکی عوام کے ٹیکسوں سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت بالواسطہ طور پر پاکستانی فوج کی مدد میں استعمال ہو رہی ہے۔

مقررین نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات اور اسے فراہم کی جانے والی معاونت پر نظرثانی کرے اور پاکستان کو کسی بھی قسم کی مدد کو انسانی حقوق کی پاسداری سے مشروط کرے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے اور بلوچ قوم کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی برادری، خصوصاً امریکہ، کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔