بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اور ڈیرہ بگٹی سے دو نوجوانوں کی جبری گمشدگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جنہیں پاکستانی فورسز اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے بگٹی کالونی بازار سے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
لاپتہ کیے جانے والے نوجوان کی شناخت رزاق ولد شاہ میر بگٹی کے نام سے ہوئی ہے۔ اہلخانہ کے مطابق رزاق کو سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گرفتار کیا، تاہم بعد ازاں ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ، کلی حبیب فیض آباد سے بھی ایک طالبعلم کی جبری گمشدگی کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
لاپتہ نوجوان کی شناخت عرفان اللہ ولد عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر 22 سال بتائی جاتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں 6 مئی 2026 کی رات تقریباً 3 بجے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لیا۔
















































