چاغی میں سڑک تعمیراتی کمپنی پر حملہ، اغوا شدہ معدنیاتی کمپنی کے تین ارکان کی لاشیں مل گئیں۔
بلوچستان کے ضلع چاغی سے اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے سڑک تعمیراتی کام سے وابستہ گاڑیوں کو حملے میں نشانہ بنایا، جبکہ بعد ازاں معدنیات نکالنے والی کمپنی ایم سی سی سے منسلک تین افراد کی گولیاں لگی لاشیں چہتر کے علاقے سے برآمد ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق معدنیات نکالنے والی کمپنی کے ان ارکان کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا، جن کی لاشیں آج شاہراہ کے کنارے سے ملی ہیں۔
لاشوں کی شناخت ظہیر احمد سکنہ سرگودھا، وسیم سکنہ سرگودھا اور محمد افضل سکنہ چنیوٹ کے ناموں سے ہوئی ہے، تینوں ارکان کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ چاغی میں نامعلوم مسلح افراد نے سڑک تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والی گاڑیوں کو بھی حملے میں نشانہ بنایا، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


















































