بلوچستان کے ضلع پنجگور اور تربت میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق پنجگور کے علاقے وشبود میں سی پیک روڈ پر نامعلوم مسلح گاڑی سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں تین نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم تاحال ان کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب تربت کے علاقے کیچ میں کور پل کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق زخمی کی شناخت فیروز ولد گھرام، ساکن ملکی باغ کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد زخمی کو طبی امداد کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
دونوں واقعات کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
















































