پنجگور کے علاقے شاپاتان سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت محبوب ولد امان اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتول محبوب تحصیل گوارگو کے رہائشی تھے اور انہیں تقریباً آٹھ ماہ قبل گوارگو کے علاقے سے اغوا کر لیا گیا تھا۔ اغوا کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اتوار کے روز شاپاتان کے علاقے میں ایک لاش کی موجودگی کی اطلاع ملی، جس پر مقامی افراد اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ بعد ازاں لاش کی شناخت محبوب ولد امان اللہ کے طور پر کی گئی۔
لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ضلع پنجگور میں لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف علاقوں سے کم از کم بارہ افراد کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔
برآمد ہونے والی تمام لاشیں ان افراد کی تھیں جو پہلے سے لاپتہ قرار دیے جا رہے تھے۔
مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان افراد کو پاکستانی فورسز اور ان سے منسلک مسلح گروہوں، جنہیں مقامی سطح پر “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے، کی جانب سے اغوا کرکے لاپتہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں وقت گزرنے کے ساتھ مختلف علاقوں سے ان افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔



















































