مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: ایرانی ڈرون حملے، میزائل حملہ اور آبنائے ہرمز بند

28

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی برقرار ہے۔ آج آذربائیجان، خلیج فارس اور متحدہ عرب امارات میں مختف واقعات پیش آئے ہیں۔

آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے مطابق دو ایرانی ڈرونز نے ملک کی سرحد عبور کر کے فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق ایک ڈرون نخچیوان کے نخچیوان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے احاطے میں گر گیا جبکہ دوسرا ڈرون قریبی گاؤں میں ایک اسکول کی عمارت کے قریب آ گرا۔

اس واقعے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی خلیج فارس میں ایک امریکی آئل ٹینکر کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی۔
تاہم اس واقعے کے حوالے سے امریکی حکام یا بین الاقوامی ذرائع سے فوری طور پر مکمل تصدیق سامنے نہیں آئی۔

پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ آبنائے ہرمز خلیج فارس کو بحر ہند سے ملاتی ہے اور عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے ایک نہایت اہم بحری راستہ سمجھی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا کی بڑی مقدار میں خام تیل اسی راستے سے گزرتا ہے، اس لیے اس علاقے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی توانائی کی منڈیوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں بھی ایک واقعہ پیش آیا جہاں فضائی دفاعی نظام نے پرواز کرنے والے ڈرونز کو تباہ کر دیا۔

ملبہ گرنے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے جن میں پاکستانی اور نیپالی شہری شامل ہیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے