خضدار سے پاکستان فوج کے حاضر سروس اہلکار کو بلوچ آزادی پسندوں نے حراست میں لے لیا۔
خضدار کے علاقے کرخ میں سی پیک روٹ پر بلوچ آزادی پسندوں نے گذشتہ روز گھنٹوں تک ناکہ بندی کی۔ اس دوران پاکستان فوج کے ایک حاضر سروس اہلکار کو حراست میں لیا گیا۔
ذرائع نے دی بلوچستان پوسٹ کو بتایا کہ پاکستان فوج (ایف سی) اہلکار نادر ولد امداد حسین سکنہ کرخ، گل بھٹ کو مسلح افراد نے حراست میں لیا۔ مذکورہ اہلکار حال ہی میں پاس آؤٹ ہوا جس کی بیچ نمبر 76 ہے جبکہ اس نے پنجاب، ضلع اٹک ٹریننگ سینٹر سے ٹریننگ حاصل کی۔
اہلکار کو حراست میں لینے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ تاہم گذشتہ روز بلوچ آزادی پسندوں نے مذکورہ علاقے ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کی تھی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔
خیال رہے اس سے قبل بھی بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے پاکستان فوج کے اہلکاروں کو حراست میں لیئے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ رواں سال بی ایل اے کے آپریشن ہیروف دوم کے وقت بھی خضدار کے علاقے اورناچ سے فوج کے آٹھ اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا تھا۔



















































