تربت: گھر سے اغوا خاتون کی لاش یونیورسٹی کے عقب سے برآمد

0

تربت یونیورسٹی کے عقب سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی، جسے پولیس نے شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق لاش کی شناخت کلگ سہرانی کی رہائشی 30 سالہ ماہ گل، زوجہ صول محمد، بنت عزیز، کے نام سے ہوئی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں گزشتہ شب گاڑی میں سوار نامعلوم مسلح افراد نے گھر سے زبردستی اغوا کیا تھا۔

پولیس کے مطابق خاتون کی لاش تربت یونیورسٹی کے عقب سے ملی تھی۔

دریں اثنا، دو روز قبل کرکینی میں مچھلی مارکیٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے نامعلوم شخص کی لاش بھی اہل خانہ کی جانب سے رابطہ نہ کرنے کے باعث امانتاً سپردِ خاک کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی تھی اور لاش کئی گھنٹوں تک ہسپتال میں موجود رہی۔ اہل خانہ یا کسی رشتہ دار کے سامنے نہ آنے کے بعد لاش کو امانتاً دفن کر دیا گیا۔