پاکستان عالمی دہشت گردی انڈیکس میں پہلی پوزیشن پر آگیا

103

گلوبل ٹیررازم انڈیکس (GTI) 2026 کے مطابق پاکستان پہلی مرتبہ دنیا میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک قرار پایا ہے۔ رپورٹ میں 2025 کے دوران پاکستان میں دہشت گردی کے 1,045 واقعات اور 1,139 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی سے ہونے والی اموات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 6 فیصد اضافہ ہوا۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ صوبے رہے، جہاں ملک کے 74 فیصد سے زیادہ دہشت گرد حملے اور تقریباً 67 فیصد اموات رپورٹ ہوئیں۔

گلوبل ٹیررازم انڈیکس 163 ممالک کو دہشت گردی کے اثرات کی بنیاد پر درجہ بندی کرتا ہے۔ پاکستان کے بعد برکینا فاسو، نائجر، نائجیریا اور جمہوریہ کانگو ان ممالک میں شامل ہیں جہاں دہشت گردی سے ہونے والی بڑی تعداد میں اموات ریکارڈ کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں مجموعی طور پر دہشت گردی سے ہونے والی اموات میں کمی آئی، تاہم پاکستان سمیت چند ممالک میں دہشت گردی کا مسئلہ بدستور سنگین رہا۔