ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’انھوں نے امریکی بحریہ کی ایک آبدوز کو نشانہ بنایا ہے، جسے ریموٹ کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔‘
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ آبدوز آبنائے ہرمز کے ’محفوظ علاقے‘ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔
اس سے قبل سنیچر کی رات گئے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے کہا تھا کہ انھوں نے آبنائے ہرمز میں ’غیر مجاز راستوں‘ سے گزرنے والے تین آئل ٹینکروں اور دیگر علاقوں میں موجود تین امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا۔‘
ایران نے اسے امریکی افواج کی جانب سے تین ایرانی ٹینکروں پر کیے گئے حملوں کا جواب قرار دیا تھا۔ تاہم امریکہ نے ان حملوں پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
اس سے قبل سنیچر کی صبح امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا تھا کہ امریکی افواج نے تین ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا، جن میں سے ایک کو جزیرۂ خارگ کے ساحل کے قریب نشانہ بنایا گیا تھا۔ جزیرۂ خارگ ایران سے تیل کی برآمدات کا ایک اہم مرکز ہے۔

















































