قلات، چاغی: فورسز گاڑی پر دھماکہ، تجارتی گاڑیاں ضبط، دو پل تباہ

77

بلوچستان کے ضلع قلات اور چاغی میں مختلف واقعات میں پاکستانی فورسز کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا جبکہ تجارتی گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا، دھماکوں میں دو پل بھی تباہ

آج صبح قلات کے علاقے مرجان میں پاکستانی فورسز کے قافلے کو دھماکے میں نشانہ بنانے کے بعد مسلح افراد نے گھات لگاکر حملہ کیا، دھماکے اور فائرنگ کے باعث فورسز کو جانی نقصانات اٹھانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔

حکام نے تاحال نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

دریں اثناء چاغی کے چہتر میں تجارتی روٹ پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے تین تجارتی گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ اسی علاقے میں تجارتی روٹ پر ایک پل کو دھماکے میں تباہ کردیا گیا ہے۔

ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے گذشتہ دنوں قلات سمیت چاغی میں اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری قبول کی جاچکی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اگست کے مہینے بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے مجموعی طور 147 حملے کیئے گئے جن میں سے 70 حملے میں براہ راست پاکستانی فورسز پر کیئے گئے جبکہ ان حملوں میں 35 دھماکے شامل ہیں۔

گذشتہ مہینے بی ایل اے کی جانب سے ‘معاشی ناکہ بندی’ کے تحت 60 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعات کوئٹہ تفتان تجارتی روٹ سمیت کوئٹہ کراچی روٹ پر پیش آئیں جبکہ تنظیم کی جانب سے 32 مقامات پر ناکہ بندیاں کی گئی۔