وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6,341ویں روز بھی جاری رہا۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جبری گمشدگیوں کے عالمی دن کی مناسبت سے 30 اگست، بروز اتوار، شام 4 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں کے خاتمے، بالخصوص بلوچ خواتین کی جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز بلند کرنے، جبری طور پر لاپتہ افراد کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ روکنے اور تمام لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرنا ہے۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سول سوسائٹی اور تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ 30 اگست کو شام 4 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے منعقد ہونے والے پُرامن احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے، لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔



















































