بلوچستان کے ضلع مستونگ کی تحصیل کردگاپ کے علاقے گرگینہ اور کلی پسند خان میں پاکستانی فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر مارٹر گولہ باری اور بمباری کے واقعات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ ہزاروں خاندان اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے گرگینہ کے مختلف آبادی والے علاقوں اور رہائشی گھروں پر وقفے وقفے سے گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں مبینہ طور پر شدت آنے کے بعد بڑی تعداد میں شہری علاقہ چھوڑ رہے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ فورسز کی جانب سے مقامی آبادی کو 24 گھنٹوں کے اندر علاقہ خالی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے، بصورت دیگر فضائی بمباری کا انتباہ دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مارٹر گولے گرنے سے متعدد گھر اور املاک تباہ ہوئے ہیں، جبکہ شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم ان واقعات میں جانی و مالی نقصانات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب مسلسل گولہ باری کے باعث علاقے کے تمام تعلیمی ادارے بند ہوگئے ہیں۔ اسکولوں میں جاری امتحانات بھی متاثر ہوئے ہیں، جس سے ہزاروں طلبہ و طالبات کا تعلیمی سال خطرے میں پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ادھر بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) نے کردگاپ کے علاقے کلی پسند خان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور دیگر بے گناہ شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ اسکول کے قریب بمباری سے امتحانات میں شریک طلبہ و طالبات بھی خوف و ہراس کا شکار ہوئے۔
بی این پی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شہری آبادی اور تعلیمی اداروں کے قریب اس نوعیت کی کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پارٹی نے سوال اٹھایا کہ معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کا آخر کیا قصور ہے کہ انہیں بمباری اور خوف و دہشت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے؟
پارٹی نے مطالبہ کیا کہ کلی پسند خان میں بمباری کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب گرگینہ کے مقامی باشندوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر گولہ باری اور مبینہ فوجی کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو وہ احتجاجاً ہزاروں کی تعداد میں کوئٹہ۔تفتان قومی شاہراہ پر دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔
مقامی ذرائع کے مطابق تحصیل کردگاپ کے علاقے گرگینہ کی آبادی تقریباً پچاس ہزار نفوس پر مشتمل ہے، جہاں جاری کشیدگی اور نقل مکانی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔













































