بلوچستان: پاکستانی فورسز پر بم دھماکے اور مسلح حملے

126

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پاکستانی فورسز پر مسلح حملوں اور دھماکوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے البت میں گزشتہ شب مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران کیمپ کو فائرنگ کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر کیچ کے علاقے حیر آباد میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے اہلکار کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ پیکٹ سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مورچے پر پہنچا۔ حملے کے نتیجے میں اہلکار ہلاک ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد مسلح افراد نے فورسز کے ایک قافلے کو بھی نشانہ بنایا۔

دوسری جانب واشک کے علاقے ارماگئے میں بھی پاکستانی فورسز پر مسلح حملے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ واقعے کی نوعیت اور اس میں ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں۔

زہری کے علاقے بلبل میں بھی فورسز کے پیدل اہلکاروں کو دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب فورسز اہلکار ایک خالی مورچے میں پہنچے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے، جبکہ پاکستانی حکام کی جانب سے تمام واقعات اور ان میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر باضابطہ تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔