بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، تربت اور گوادر کے درمیان دوطرفہ بس سروس 13، 14 اور 15 اگست کو معطل رہے گی، جبکہ متعلقہ بس ٹرمینلز بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ یونین کے ذرائع کے مطابق تربت، گوادر اور کراچی کے درمیان بس سروس 16 اگست سے معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔
دوسری جانب ریلوے حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس آج ایک روز کے لیے کوئٹہ کے بجائے جیکب آباد تک چلائی جائے گی، جس کے باعث کوئٹہ جانے والے مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اہم شاہراہوں سمیت مختلف مقامات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ بعض علاقوں میں سڑکوں پر خندقیں کھودنے اور کاروباری مراکز بند کئے گئے ہیں۔
شہریوں اور عوامی حلقوں نے سیکیورٹی اقدامات کے نام پر کرفیو جیسے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں کی بندش سے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے نام پر آبادیوں اور شہری علاقوں میں پابندیوں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ریاستی ادارے ایک پاکستانی پرچم لگانے کے لیے پورے شہر اور سڑکیں بند کرکے عوام کو مزید مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔



















































