تربت میں پاکستانی فورسز اور مستونگ میں وزیر داخلہ کے قافلے پر حملے، ہرنائی میں پولیس چوکی تباہ

1

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ حملوں  کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں تربت میں پاکستانی فوج کی گاڑیوں کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنانا، ہرنائی میں پولیس چیک پوسٹ کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنا اور مستونگ میں وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو کے قافلے پر مسلح حملہ شامل ہے۔

مستونگ کے علاقے کنڈ عمرانی کے قریب بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو کے قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ضیاء اللہ لانگو حملے میں محفوظ رہے، جبکہ قافلے میں شامل تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں شہید فدا چوک کے قریب پاکستانی فوج کی گاڑیوں کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد ممکنہ جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی گئی۔

دھماکے کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ حکام کی جانب سے تاحال حملے کی نوعیت اور جانی نقصان سے متعلق باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

ادھر ضلع ہرنائی میں گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے 5-مائل پولیس چیک پوسٹ کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

تینوں واقعات ایک ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز، پولیس اور سرکاری تنصیبات کو مسلح حملوں اور دھماکوں کا سامنا ہے۔ تاہم تربت، ہرنائی اور مستونگ کے تازہ واقعات کے حوالے سے ذمہ داری کسی کی جانب سے فوری طور پر قبول کیے جانے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔