ہرنائی: مسلح افراد کی ناکہ بندی، مواصلاتی ٹاور اور لیویز تھانہ تباہ

5

مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے تلاشی لی، لیویز تھانہ اور ٹاور دھماکے سے تباہ

ہرنائی سے اطلاعات کے مطابق ہرنائی کے علاقے زندہ پیر کے قریب بڑی تعداد میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی اور گھنٹوں وہاں موجود رہے۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران مسلح افراد نے قریب واقع ڈیلکونہ لیویز تھانے کو بارودی مواد نصب کرکے دھماکے سے تباہ کردیا، جبکہ ہرنائی کے علاقے پان غر میں مسلح افراد نے ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو بھی بارودی مواد نصب کرکے تباہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور ناکہ بندیوں سمیت پاکستانی فورسز پر حملوں میں ملوث رہی ہیں، تاہم آج ہونے والے واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔