پاکستان فوج کے سربراہ عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا اور ایک نئے ’علاقائی سکیورٹی ڈھانچے‘ کی بازگشت

1

پاکستان کے آرمی چیف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سوموار کے روز ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان ممکنہ سکیورٹی شراکت داری کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

سوموار کے روز ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے اپنے ایکس ہینڈل سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے موقع پر میں نے انھیں ملائیشیا کی مسلح افواج کے سٹاف کالج (ایم ٹی اے ٹی-MTAT) میں ’ہال آف فیم‘ میں شامل کیے جانے پر مبارک باد دی۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں، عالمی بحری سلامتی کو یقینی بنانے کی اہمیت، اور سرحدی کشیدگی کے حل کے لیے قومی خودمختاری کے احترام اور شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات اور تحمل کو ترجیح دینے کی ضرورت شامل تھی۔‘

’ترکی کے ساتھ سہ فریقی تعاون‘

انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ’ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا مشترکہ عزم بھی پایا جاتا ہے، جس میں ترکی کے ساتھ سہ فریقی تعاون کے علاوہ بحری سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں مشترکہ مواقع تلاش کرنا بھی شامل ہے۔‘

ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ’قریبی تعاون خاص طور پر اس خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کے لیے اہم ہے۔‘

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ملائیشیا کے سرکاری دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان کے آرمی چیف اور ملیشیا کے وزیرِ اعظم نے خطے میں امن، استحکام اور سکیورٹی کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔