مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر انجیری کراس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کرکے ایک اور پل کو تباہ کردیا، جس کے نتیجے میں پل مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ رات تقریباً 2 بجے پیش آیا، جب دھماکے کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا اور وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ واقعے کے بعد کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند ہوگئی، جس کے باعث سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر راستے میں پھنس گئے۔
دھماکے کی شدت سے پل کے قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
شاہراہ کی بندش کے باعث مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور مال بردار گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کوئٹہ اور کراچی کے درمیان زمینی رابطہ متاثر ہونے سے تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ کھڈکوچہ کے علاقے میں پلوں کو تباہ کرنے کے حالیہ واقعات کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر آمدورفت کا نظام مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔













































