گوادر: پانوان میں فوجی آپریشن کے دوران مزید 10 مکانات مسمار، متعدد خاندان بے گھر

1

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے جیونی، پانوان میں پاکستانی فورسز کی کارروائی کے دوران مزید 10 مکانات مسمار کر دیے گئے۔

مقامی افراد کے مطابق یہ کارروائی 6 جولائی کو کی گئی، جس کے دوران بھاری مشینری اور بلڈوزرز کے ذریعے متعدد رہائشی مکانات کو منہدم کیا گیا۔ متاثرہ خاندانوں کے مطابق مسمار کیے گئے گھروں میں محمد جان کلمتی، خالد کلمتی، جعفر کلمتی، غلام نبی کلمتی اور یارجان کلمتی کے مکانات شامل ہیں، جبکہ غلام نبی کلمتی کے سات کمروں پر مشتمل گھر کو بھی مکمل طور پر منہدم کر دیا گیا۔

متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گھروں میں موجود سامان باہر نکال دیا گیا، جبکہ ان کی ایک گاڑی بھی فورسز اپنے ساتھ لے گئیں، جس کے باعث وہ بے گھر ہو گئے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق گزشتہ چند دنوں کے دوران پاکستانی فوج نے پانوان اور اس سے ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں افراد کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ فورسز اہلکاروں کا خواتین اور بزرگوں کے ساتھ رویہ غیر انسانی ہے۔

واضح رہے کہ پانوان میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے کیمپ پر بلوچ لبریشن آرمی کی مجید بریگیڈ کے خودکش حملے کے بعد پاکستانی فوج نے مقامی آبادی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جن کے دوران متعدد افراد کو جبری طور پر لاپتہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔