تمپ: پہاڑی علاقوں میں پاکستانی فورسز کی نقل و حرکت میں تیزی، ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں کا گشت

1

کیچ کے علاقے تمپ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق علاقے کے پہاڑی علاقوں میں پاکستانی فورسز کی نقل و حرکت میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فوجی اہلکاروں، بکتر بند گاڑیوں اور ٹینکوں کی نقل و حرکت تمپ کے گاؤں گومازی، دیزیگ، مار اور کِر کے اطراف و نواح میں دیکھی گئی ہے، جبکہ گومازی کے پہاڑی علاقوں میں فورسز کی موجودگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

مزید اطلاعات کے مطابق مزن بند کے پہاڑی سلسلے کی جانب فوجی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں اور گشت دیکھا گیا ہے، جبکہ علاقے میں ڈرون طیاروں کی پروازیں بھی جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔

علاقے میں فورسز کی بڑھتی ہوئی نقل و حرکت اور فضائی نگرانی کے باعث مقامی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔

تاہم، ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، جبکہ عسکری حکام کی جانب سے علاقے میں کسی فوجی آپریشن یا حالیہ نقل و حرکت کے حوالے سے کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے کئی علاقے اس وقت غیر اعلانیہ فوجی آپریشن کی زد میں ہیں، جہاں لوگوں کی جبری نقل مکانی اور ڈرون و فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں جانی نقصانات کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔