پاکستانی فورسز کی عام آبادی پر بمباری سے مساجد کو نقصان، شہری ہلاکتوں کے خلاف شہر بند۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کی تحصیل کھڈکوچہ میں پاکستانی فورسز کی جانب سے آپریشن کے دوران عام آبادی کو شیلنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہری ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
فضائی شیلنگ کے دوران کھڈکوچہ میں دینی مدارس کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ قرآنِ مجید اور دیگر مذہبی کتابیں بھی متاثر ہوئیں۔
مستونگ آپریشن اور دینی مدارس کو نقصان پہنچانے کے خلاف آج شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، جس کے باعث تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں، جبکہ شہریوں نے ہڑتال میں بھرپور شرکت کی۔
واقعے کے خلاف شہریوں میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق شیلنگ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس کے باعث مسجد اور مدرسے کی عمارت کو نقصان پہنچا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شیلنگ کے دوران مسجد میں موجود متعدد قرآنِ پاک بھی متاثر ہوئے۔
یاد رہے کہ مذکورہ علاقے میں بلوچ لبریشن آرمی نے متعدد بسوں پر مشتمل پاکستانی فورسز کے قافلے کو حملے کا نشانہ بنایا تھا، تنظیم کے مطابق اس کارروائی میں قابض فوج کے 45 سے زائد اہلکار ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
بلوچ لبریشن آرمی کے حملے کے بعد پاکستانی فورسز نے فضائی آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے مقامی آبادی پر شیلنگ کی، جس سے مدارس اور مقامی آبادی کے گھر متاثر ہوئے، جبکہ شہریوں کے زخمی اور جان بحق ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔


















































