مسلح ڈاکوؤں کی موبائل فون چھیننے کی کوشش ناکام، فائرنگ سے ایک شہری اور ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا گرفتار
بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تربت کے علاقے آپسر کولوائی بازار میں موبائل فون چھیننے کی کوشش کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری اور ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گزین ولد شمبے، سکنہ کولوائی بازار، اپنے گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد، زید ولد ولی داد سکنہ تجابان اور عبدالجلیل سکنہ حب چوکی نے اس سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی جس پر مزاحمت کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ہاتھا پائی کے دوران عبدالجلیل نے آتشیں اسلحے سے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شہری گزین ولد شمبے اور زید ولد ولی داد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ملزم عبدالجلیل کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ڈاکوؤں کا تعلق مقامی طور پر پاکستانی فورسز کے حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ گروہ سے ہے، جو علاقے میں چوری، ڈکیتی سمیت دیگر سماجی برائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سال 2020 میں ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان نے کیچ کے علاقے ڈنک میں ایک مقامی گھر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران فائرنگ کرکے ملک ناز نامی خاتون کو قتل اور ان کی کمسن بیٹی برمش کو زخمی کردیا تھا۔
واقعے کے خلاف بلوچستان سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے گئے تھے، شہریوں نے ریاست سے بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈز کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔



















































