کیچ: تین کم عمر لڑکے جبری لاپتہ، ایک کی لاش برآمد، بچوں کو پاکستانی فورسز نے لاپتہ کیا۔ اہلِ خانہ

0

جبری لاپتہ تین کم عمر لڑکوں کی بازیابی کے لیے اہلِ خانہ کی اپیل، ایک بچے کی لاش ملنے کے بعد شدید اذیت سے گزر رہے ہیں۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ گومازی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے 12 سالہ کمبر ولد نظر اور زبیر ولد داد کریم کی بازیابی کے لیے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی فورسز اور انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

تربت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جبری گمشدگی کا شکار کم عمر لڑکوں کے اہلِ خانہ نے کہا کہ ان کے تین بچے 3 ستمبر 2026 کو موٹرسائیکل پر سوار ہو کر مند آزیان جارہے تھے کہ انہیں مرکزی سڑک پر پاکستانی فورسز نے اغوا کرکے لاپتہ کردیا۔

اہل خانہ نے کہا کہ تین روز قبل ان میں سے 14 سالہ حسین ولد جمعہ کی لاش مند میں پھینکی گئی تھی، جبکہ ان کے دو دیگر بچے تاحال لاپتہ ہیں اور انہیں اپنے بچوں کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔

اہلِ خانہ نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے بچوں کو کس حالت میں رکھا گیا ہے، انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بچوں کی بازیابی اور ان کی خیریت سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے تعاون کیا جائے۔

انہوں نے اپیل کی کہ اگر ان کے بچوں پر کوئی الزام ہے یا انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے، اگر عدالت میں ان پر جرم ثابت ہو جائے تو انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے، انہیں عدالتی فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

اہلِ خانہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے دونوں بچوں کو بحفاظت بازیاب کرا کے خاندان کے حوالے کیا جائے۔