نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جیونی کے علاقے پانوان میں کوسٹ گارڈ کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے کے بعد پورے علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کی بندش نے عام شہریوں کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔حکومت امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کا زمہ دار ہے تاہم ایسے اقدامات جن سے شہری اجتماعی سزا کا شکار ہوں کسی طور مناسب نہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ راستوں کی مسلسل بندش کے باعث جیونی اور گردونواح میں اشیائے خورد و نوش کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، فراہمیِ آب معطل اور مریض بزرگ خواتین بچے مزدور طلبہ اور روزگار سے وابستہ افراد سخت اذیت کا سامنا کر رہے ہیں اور معمولاتِ زندگی بری طرح مفلوج ہو چکے ہیں۔
مرکزی ترجمان نے بیان میں کہا ہے امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات حکومت کی ذمہ داری ہیں، لیکن اس کی آڑ میں پوری آبادی کو محصور کر دینا اور بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم کرنا انصاف انسانی حقوق اور آئینی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔ ایسے اقدامات عوام کو بے چینی و اضطراب کی کیفیت سے دوچار کرتے ہیں جو کسی بھی طور مسائل کا حل نہیں۔
بیان میں حکومتِ بلوچستان ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ جیونی کے تمام راستے فوری طور پر کھولے جائیں، پانی خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، شہریوں کو درپیش غیر ضروری مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے اور امن و امان کی بحالی کے لیے ایسے اقدامات اختیار کیے جائیں جن سے عام شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر نہ ہوں۔

















































