جیکب آباد میں تھانہ صدر کی حدود میں سم شاخ کے قریب ریلوے ٹریک پر رات گئے دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ریلوے پٹڑی کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے باعث ریلوے ٹریک کا ایک حصہ متاثر ہوا، جس کے بعد بلوچستان جانے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکے میں دھماکہ خیز مواد استعمال کیے جانے کا شبہ ہے، تاہم واقعے کی اصل نوعیت اور دھماکے کی وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متاثر ہونے والی پٹڑی کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ٹریک کو محفوظ بنانے اور ریل گاڑیوں کی آمدورفت بحال کرنے کے لیے متعلقہ عملہ موقع پر موجود ہے۔
دھماکے کے بعد بلوچستان جانے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ رات دیر گئے پیش آیا اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

















































