وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6154ویں روز جاری، داد شاہ بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ

9

جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6154ویں روز بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ گزشتہ کئی برسوں سے کرب اور بے یقینی کی کیفیت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے داد شاہ بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی فوری اور باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ قانونی تقاضے پورے ہوں اور خاندانوں کو انصاف مل سکے۔

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو مزید اذیت سے بچایا جائے۔