جھل مگسی: پولیس تھانے پر حملہ، چوکی نذرِ آتش، پولیس اہلکار زیر حراست

2

مسلح افراد اور جھل مگسی پولیس کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات، حملہ آوروں نے پولیس چوکی کو نذرِ آتش کردیا جبکہ فورسز گاڑی کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔

بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کے علاقے گنداوہ سے اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے تھانہ کوٹڑہ اور سعیداللہ پولیس چوکی پر حملہ کردیا، جہاں پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان ایک گھنٹے سے زائد وقت تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

اس دوران حملہ آوروں نے پولیس چوکی کو نذرِ آتش کرنے کے بعد ایک پولیس اہلکار کو بھی حراست میں لیکر اپنے ساتھ لے گئے۔

ذرائع کے مطابق چار مقامات پر بیک وقت فورسز کو حملوں کا سامنا ہے۔ شام کے وقت گنداوہ روڈ پر فورسز کی ایک گاڑی کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

حالیہ مہینوں میں جھل مگسی میں پاکستانی فورسز پر حملوں، پولیس تھانوں پر کنٹرول اور اسلحہ ضبط کیے جانے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، جن میں سے اکثریت کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی قبول کرچکی ہے۔

رواں سال مارچ کے آخری دنوں میں بلوچ لبریشن آرمی نے پاکستانی فورسز کی گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلے کو حملے میں نشانہ بنایا تھا جس میں فورسز کی تین گاڑیاں تباہ اور متعدد اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ حملے کی ویڈیو بھی تنظیم کی جانب سے جاری کی گئی تھی۔

تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔