وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا ہے کہ تنظیم کو احتجاجی کیمپ بند کرنے اور جبری گمشدگیوں کے خلاف جاری پرامن جدوجہد سے دستبردار ہونے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدامات انسانی حقوق کی آواز کو دبانے کی کوشش ہیں۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جبری گمشدگیوں کے خلاف تحریک ہر صورت جاری رہے گی۔
کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ آج جمعرات کو مسلسل 6172ویں روز میں داخل ہو گیا۔ یہ کیمپ تنظیم کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی قیادت میں جاری ہے۔
اس دوران مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ شرکاء نے جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور تمام لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
مقررین نے کہا کہ تمام تر دباؤ کے باوجود احتجاجی کیمپ اور پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔

















































