پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی پر حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے۔
میڈیکل اینڈ ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ بنوں کے ترجمان نعمان خان نے تصدیق کی ہے کہ فتح خیل چوکی پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
ان کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد پولیس اہلکار ہیں۔
اس کے علاوہ تین زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا تھا جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
اس سے قبل بنوں کے رینجل پولیس افسر سجاد خان کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ فتح خیل چوکی کی عمارت کے ملبے سے 12 پولیس اہلکاروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ تین اہلکاروں کو زندہ ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ شب پولیس چوکی پر پہلے بارود سے بھری خودکش گاڑی ٹکرائی گئی، جس کے بعد دوسرا خودکش دھماکہ بھی ہوا۔
اتحاد المجاہدین پاکستان نے بنوں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ خودکش حملہ آور کا تعلق ’’البدر خودکش کیمپ‘‘ سے تھا۔


















































