ماسکو میں ایک ریسٹورنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ 21 دیگر زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکا ہفتے کی شام تقریباً 8 بجے روسی دارالحکومت ماسکو کے مرکزی علاقے کُدرِنسکایا اسکوائر کے قریب واقع ایک اطالوی ریسٹورنٹ کے باہر ہوا۔
روسی حکام کے مطابق ایک خاتون دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد لے کر ریسٹورنٹ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی، تاہم سیکیورٹی گارڈ نے اسے روک دیا، جس کے بعد دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں خاتون، سیکیورٹی گارڈ اور ایک ریسٹورنٹ صارف ہلاک ہوئے۔
دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
روسی نیشنل اینٹی ٹیررازم کمیٹی کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ جائے وقوعہ کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے واقعے کو ’’وحشیانہ دہشت گرد حملہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
تاحال کسی گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور روسی حکام نے بھی واقعے کے محرکات یا ممکنہ ذمہ داروں کے حوالے سے حتمی معلومات جاری نہیں کی ہیں۔



















































