بلوچستان: چار مختلف حملوں میں متعدد پاکستانی فورسز اہلکار ہلاک، راشن قبضے میں لے لیا گیا

35

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز پر متعدد حملوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل زامران کے علاقے جبشان میں ایک آئی ای ڈی حملے میں کم از کم دو پاکستانی فورسز اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد پاکستانی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور زخمی و ہلاک اہلکاروں کو کیمپ منتقل کردیا۔

ادھر کیچ کے علاقے مند، سوراپ سرحد کے قریب مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں متعدد پاکستانی فورسز اہلکار ہلاک و زخمی ہوگئے ہیں۔

سرکاری ذریعے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ آج اتوار کی صبح تقریباً 9 بجے پیش آئی، حملوں کے بعد پاکستانی فورسز نے سرحد بند کرکے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

ایک اور حملے میں بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت کے ڈگاری کراس میں پاکستانی فوج کی رسد لے جانے والی ایک گاڑی کو قبضے میں لے کر نذرِ آتش کردیا گیا۔

دریں اثنا، ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں مسلح افراد نے پاکستانی فوجی کیمپ کے لیے راشن لے جانے والی ایک گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے۔