بلوچستان: مرکزی شاہراہوں پر تین پُل تباہ

78

بلوچستان میں شاہراہوں پر بلوچ آزادی پسندوں کا کنٹرول برقرار، مختلف علاقوں میں تین مرکزی پلوں کو بارودی مواد نصب کرکے تباہ کردیا گیا۔

آج خاران کے علاقے ساراوان میں مسلح افراد نے خاران – کراچی مرکزی شاہراہ کا کنٹرول سنبھال کر اسنیپ چیکنگ جاری رکھی۔ دریں اثناء نوروز قلات کے مقام پر خاران – کوئٹہ مرکزی شاہراہ کو بھی مسلح افراد نے اپنے کنٹرول میں لیا۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران شاہراہ پر مرکزی پُل کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے تباہ کردیا گیا۔

ادھر ضلع کچھی کے علاقے سنی میں رودی پل کو دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔

گذشتہ شب دالبندین شہر میں سورگل مرکزی پل کو بھی بارود مواد نصب کرکے تباہ کردیا گیا۔ شہریوں کے مطابق زور دار دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر تک سنائی دی گئی۔ پل کے تباہ ہونے سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

حکام نے تاحال ان واقعات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم کیئے ہیں تاہم گذشتہ دنوں بلوچ لبریشن آرمی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کوئٹہ – تفتان روٹ سمیت دیگر مرکزی شاہراہیں ان کے کنٹرول میں ہیں۔