استاد امام بخش مجنوں کی فنی خدمات کو خراجِ عقیدت، آرٹس کونسل کراچی میں تقریب

1

بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی کے زیرِ اہتمام نامور بلوچی گلوکار استاد امام بخش مجنوں کے اعزاز میں آرٹس کونسل کراچی میں ایک شاندار موسیقی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سندھ، بلوچستان، خلیجی ممالک اور پاکستان کے دیگر شہروں سے آنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے آغاز میں سوسائٹی کے صدر خلیل تگرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی جیسے مصروف شہر میں عوام کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی کی ثقافتی اور ادبی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اپنے قومی فنکاروں اور گلوکاروں سے محبت کرتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

استاد امام بخش مجنوں کی زندگی، فن اور خدمات پر منعقدہ پینل ڈسکشن میں استاد نور محمد نورل، انجینئر داؤد کلمتی اور اسحاق خاموش نے ان کی فنی خدمات، بلوچی موسیقی کے فروغ میں ان کے کردار اور نئی نسل کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر استاد امام بخش مجنوں نے بھی اپنی فنی زندگی کے سفر، تجربات اور یادگار لمحات حاضرین کے ساتھ شیئر کیے۔ پینل ڈسکشن کے موڈریٹر ایڈووکیٹ وحید نور تھے۔

اس موقع پر بلوچی میوزک پروموٹرز سوسائٹی کی جانب سے شائع ہونے والے سہ ماہی ادبی و ثقافتی جریدے “زیمر” کی بھی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔

اسحاق رحیم نے حال ہی میں انتقال کر جانے والے مغربی بلوچستان کے معروف دونلی نواز شیر محمد اسپندار کی زندگی اور فنی خدمات پر بھی روشنی ڈالی اور اعلان کیا کہ جریدہ “زیمر” کے آئندہ شمارے میں ان کی شخصیت، دونلی نوازندگی اور فنی خدمات پر خصوصی مواد شائع کیا جائے گا۔

بعد ازاں تقریب میں استاد امام بخش مجنوں کی زندگی اور فن پر اسحاق خاموش کی تحریر و ہدایت میں تیار کی گئی دستاویزی فلم (ڈاکیومنٹری) پیش کی گئی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

موسیقی کے حصے میں استاد نور محمد نورل، استاد امام بخش مجنوں، سلیم بلوچ، عارف نور، جہانزیب عطا اور صمد مجید نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ فنکاروں کی بہترین پرفارمنس پر حاضرین نے بھرپور داد دی اور انہیں خوب سراہا۔