بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ آج بروز پیر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6307ویں روز بھی جاری رہا۔
احتجاجی کیمپ میں شاہد احمد کرد اور نور محمد کرد کے اہلِ خانہ نے شرکت کرتے ہوئے اپنے پیاروں کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔
لواحقین نے بتایا کہ شاہد احمد کرد اور نور محمد کرد کو رواں سال 8 اپریل کو کلی خلی، مغربی بائی پاس، کوئٹہ سے مبینہ طور پر ملکی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاحال دونوں افراد کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت اور اضطراب کا شکار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے پیاروں کی فوری اور باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شاہد احمد کرد، نور محمد کرد سمیت تمام جبری طور پر لاپتہ افراد کے بارے میں فوری طور پر ان کے خاندانوں کو معلومات فراہم کی جائیں اور انہیں اپنے پیاروں کی جبری گمشدگی کے باعث مسلسل کرب اور اذیت کی زندگی سے نجات دلائی جائے۔
















































