کوئٹہ فورسز چیک پوسٹ کے قریب مبینہ خودکش دھماکہ، متعدد زخمی

742

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستانی فورسز کے چیک پوسٹ کے قریب زوردار دھماکہ ہوا ہے-

دھماکہ کوئٹہ میں فورسز کینٹ کے قریب موسیٰ چیک پوسٹ پر ہوا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں –

دھماکے کے بعد پاکستانی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، حملہ آورں کی تلاش جاری ہے-

واضح رہے کہ آج کوئٹہ میں پاکستان سُپر لیگ “پی ایس ایل” ایڈیشن 8 کا ایک نمائشی میچ بھی کھیلا جارہا ہے جس کے باعث شہر میں سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے-

گذشتہ روز پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی کوئٹہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر آنے اور جانے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی تھی جبکہ اہم سرکاری عمارتوں کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا تھا-

اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سیکورٹی پلان، بگٹی اسٹیڈیم میں ہونے والے نمائشی میچ کی سیکورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور بگٹی اسٹیڈیم کے اطراف میں بھی سیکورٹی کو سخت کرنے کی ہدایت کردی گئی تھی-

کوئٹہ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت فی الحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس دھماکے کے مقام پر روانہ ہو گئی ہے۔