افغانستان میں شرعی قوانین کے مکمل نفاذ کے احکامات جاری

454

طالبان ترجمان کے مطابق افغانستان کے سپریم لیڈر نے ججوں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں شرعی قوانین مکمل طور پر نافذ کیا جائے جن میں سرعام پھانسی دینا، سنگسار کرنا، کوڑے مارنا اور چوروں کے اعضا کاٹنا شامل ہیں۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے یہ حکم ان کے ججوں کے ایک گروپ سے ملاقات کے بعد جاری ہوا۔

افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ جن کی طالبان کی واپسی کے بعد سے عوامی اجتماع میں شرکت کی کوئی تصویر سامنے نہیں آئی، اخوندزادہ تحریک کی جائے پیدائش اور روحانی مرکز قندھار سے حکم ناموں کے ذریعے حکمرانی کرتے ہیں۔

افغان طالبان نے 2001 میں ختم ہونے والے اپنے سابقہ دور حکومت کی نسبت اس مرتبہ نرمی کے ساتھ حکومت کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن گزشتہ سال افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد سے افغان لوگوں کی عوامی زندگی اور آزادیوں کو دبایا جارہا ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اخوندزادہ کے حکم کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ چوروں، اغوا کاروں اور بغاوت کرنے والے کی فائلوں کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ فائلیں جن میں حدود اور قصاص کی تمام شرعی شرائط پوری کی گئی ہیں، تمام لوگ ان پر عمل کرنے کے پابند ہیں، یہ شریعت اور میرا حکم ہے جو سب پر واجب ہے۔

اسلامی قوانین کے تحت حدود سے مراد ایسے جرائم ہیں جن کی سزائیں لازمی ہیں جبکہ دوسری جانب قصاص سے مراد ’بدلہ‘ ہوتا ہے، مثال کے طور پر اگر ایک شخص نے دوسرے شخص کی آنکھ ضائع کردی ہے یا نقصان پہنچایا ہے تو بدلے کے طور پر جرم کرنے والے شخص کی بھی آنکھ ضائع کی جائے گی۔

حدود کے جرائم میں زنا، کسی پر جھوٹا الزام عائد کرنا، شراب پینا، چوری، اغواء، ڈکیتی، انحراف اور بغاوت کرنا شامل ہے۔

قصاص کے جرائم میں قتل اور جان بوجھ کر زخمی کرنا یا چوٹ پہنچانا شامل ہے لیکن یہ متاثرین کے اہل خانہ کو سزا کے بدلے معاوضہ قبول کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے۔

اسلامی اسکالرز کا کہنا ہے کہ حدود کے جرائم میں ٹھوس ثبوت کی ضرورت ہوتی ہے، مثال کے طور پر زنا کے جرم میں ملزم کا جرم کرنے کا اقرار کرنا یا چار بالغ مرد مسلمانوں کا گواہ ہونا لازمی ہوتا ہے۔