بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران ایران جانے کی کوشش کرنے والے افغان شہریوں کی گاڑیوں پر پاکستانی فورسز کی فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جن میں کئی افراد جانبحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آج ایک مرتبہ پھر پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے افغان مہاجرین کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق نوشکی کے علاقے کیشنگی میں پاکستانی فورسز نے افغان مہاجرین کو لے جانے والی ایک مسافر گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین افراد جانبحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق گاڑی میں سوار افغان شہری پاکستان کے راستے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل 2 ستمبر کو بھی نوشکی کے علاقے احمدوال، خاران کراس کے مقام پر فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 50 سالہ افغان شہری گل احمد جانبحق جبکہ گاڑی میں سوار تین دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اسی طرح 25 ستمبر کو نوشکی میں افغان مہاجرین کو لے جانے والی ایک ڈبل پک اپ گاڑی پر پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے دو افغان مہاجرین جانبحق جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے راستے ایران جانے کی کوشش کرنے والے افغان شہریوں کو مختلف مقامات پر حراست میں لینے کے واقعات بھی سامنے آتے رہے ہیں، رواں سال ستمبر میں ضلع کیچ کے علاقے دشت میرانی سے خواتین اور بچوں سمیت 58 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا تھا، جو پاکستان کے راستے ایران جانے کی کوشش کررہے تھے۔
مزید برآں پاکستان میں افغان شہریوں کے خلاف حکومتی کارروائیوں اور غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین “یو این ایچ سی آر” کی نومبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں افغان شہریوں کے خلاف چھاپوں، گرفتاریوں اور بے دخلی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔


















































