منگچر میں گیس کی طویل بندش کیخلاف خواتین کا شاہراہ پر دھرنا

185

منگچر بازار کے مقام پر خواتین نے گیس کی طویل بندش کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دھرنا دیکر شاہراہ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث دونوں جانب سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے۔

مظاہرین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پورے ایک سال سے زائد عرصے سے منگچر میں گیس کی سپلائی مکمل طور پر بندہے جس سے خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات درپیش ہیں، سردی شدت اختیار کررہی ہے مگر ابھی تک گیس پائپ لائنوں میںگیس کجا گیس کی بو بھی نہیں آرہی۔

انہوں نے کہا کہ سردی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، گیس کی سپلائی معطل ہونے سے غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے، ایندھن کے متبادل ذرائع ایل پی جی گیس، کوئلہ اور لکڑی غریب عوام کی قوت خرید سے باہر ہے، خواتین کو امور خانہ داری میںشدید مشکلات درپیش ہیں۔ سردی سے بچوں، بوڑھے بیمار ہورہے ہیں، قدرتی گیس روز مرہ زندگی میں اہم اور ضروری عنصر ہے جسسے صارفین کو محروم رکھا گیا ہے، خواتین مجبور ہوکر سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، گیس سپلائی کی بحالی تک احتجاج جاریرہے گا۔