ضلع قلات کے دو مختلف علاقوں سے چار نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں ضروری کارروائی اور شناخت کے لیے قریبی سرکاری اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، تین افراد کی لاشیں قلات کے علاقے چھپر سے برآمد ہوئیں، جبکہ ایک لاش منگچر کے علاقے ملنگزئی سے ملی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چھپر سے ملنے والی تینوں لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) قلات منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملنگزئی سے برآمد ہونے والی لاش کو آر ایچ سی منتقل کیا گیا ہے، جہاں لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، چاروں افراد کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ تاحال چاروں افراد کی شناخت اور واقعات کے محرکات سامنے نہیں آ سکے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے لاشیں برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز ضلع بارکھان سے بھی دس افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جن میں سے اب تک ایک شخص کی شناخت ایسے فرد کے طور پر ہوئی ہے جو پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار ہوا تھا۔


















































