لاپتہ افراد کو جعلی مقابلے میں مارنے کے خلاف کوئٹہ میں مظاہرہ ہوگا

551

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز ، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی، بلوچ یکجہتی کمیٹی، بلوچ وومن فورم، بی ایس او اور بی ایس او پجار کا ایک مشترکہ اجلاس وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چئیرمین نصر اللہ بلوچ کے سربراہی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں حالیہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچ لاپتہ افراد کو جعلی مقابلے میں مارنے کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریاست کی جانب سے لاپتہ افراد کو دہشت گرد کہہ کر ان کو شہید کیا گیا ہے، حالانکہ یہ تمام لوگ جبری طور پر لاپتہ ہوئے تھے ان ساروں کے جبری گمشدگی کے ثبوت وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے پاس موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویسے ہونا یہ چاہیے کہ ریاست اور اس کے ادارے لاپتہ افراد کے مسئلے کو سنجیدہ لے کر ان کو حل کرنے کی کوشش کریں لیکن حکومتی ادارو‍ں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کی بجائے ان کو جعلی مقابلے میں شہید کرکے ان کی لاشیں پھینکی جاتی ہے۔

اجلاس کے آخر میں مشترکہ طور پر یہ فیصلہ لیا گیا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے لاپتہ افراد کو شہید کرکے لاشیں پھینکنے کے خلاف کل یعنی 21 جولائی کو 12 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، لہٰذا تمام لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔