پنجگور: مسلح افراد کے ہاتھوں ایک شخص اغواء

380

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے نامعلوم مسلح افراد ایک شخص کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے تسپ غریب آباد میں نامعلوم مسلح گاڑی سوار افراد عامر ولد داد جان کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو اس وقت اغواء کیا گیا جب وہ دکان کے باہر بیٹھا ہوا تھا۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ وقتوں سے بلوچستان میں اس طرح کے واقعات تیزی کے ساتھ رونما ہورہے ہیں گذشتہ روز ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت گھوڑا چوک پر نامعلوم مسلح افراد نے محمد موسیٰ ولد محمد امین کو اٹھاکر لاپتہ کردیا۔

اس سے قبل تربت ڈاکی بازار آبسر کی رہائشی حمیدہ بی بی زوجہ شاہ میر نے تربت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے 20 سالہ بیٹے حسن ولد شاہ میر کو تین دن قبل مسلح افراد نے گھر سے اٹھاکر لاپتہ کردیا ہے۔

اسی طرح گذشتہ روز ضلع نصیر آباد کے علاقے بختیار آباد کے رہائشی محمد نواز نے اپنی بیوی کے ہمراہ الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی لمی کو گذشتہ دنوں بااثر شخصیت اٹھا کر لے گئے ہیں جس کے حوالے سے تاحال کچھ معلوم نہیں ہوا کہ وہ کہاں ہے۔