کوئٹہ اور چمن میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک

288
فائل فوٹو

کوئٹہ اور چمن میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پنجگور میں ایرانی تیل سے لدی 2 گاڑیوں میں تصادم سے ایک گاڑی کا ڈرائیور جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقےنواکلی میں رشتے کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ سے فیروز نامی نوجوان ہلاک ہوگیا۔

ادھر سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محمد اللہ نامی شخص کو قتل کردیا جب کہ چمن کے بائی پاس روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان اختر جان ہلاک ہوگیا۔

دوسری جانب پنجگور کے علاقے پروم کپ میں ایرانی تیل سے لدی 2 گاڑیوں میں تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگنے سے ایک گاڑی کا ڈرائیور جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

علاوہ ازیں ضلع بولان کے علاقے مٹھڑی کے قریب کار اور ٹرالر کے درمیان تصادم میں 7 افراد زخمی ہوگئے جب کہ کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار محمد اکبر زخمی ہو گیا۔

اسی طرح پیر کے روز کراچی سے کوئٹہ جانے والی ویگو گاڑی مرکزی شاہراہ پر نغاڑ کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں نجیب اللہ ولد مسلم خان اور تین سالہ ہارون ولد محمد داود موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ قافیہ دختر محمد نسیم، ثانیہ دختر محمد نسیم، خالد ولد عبدالسلام اورعارفہ زوجہ محمد داود اچکزئی ساکنان کچلاک شدید زخمی ہوگئیں۔