بلوچستان: مختلف واقعات و حادثات میں 3 افراد ہلاک 5 زخمی

305

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنیوالے حادثات اور واقعات میں 3افراد جاں بحق جبکہ تاجر سمیت 5افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب کسٹم کے قریب تیزرفتار جیپ کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا جبکہ 2شدیدزخمی ہوگئے جنہیں فور ی طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیاہے جہاں زخمیوں طبی امداد دی جاری ہے ،

دوسری جانب دکی کے ناصر آباد روڈ پر تیزرفتارموٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا جانے سے نامعلوم الاسم مزدور جاں بحق جبکہ نعمت اللہ نامی شخص شدیدزخمی ہوگیاہے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔

دریں اثناء وڈھ کے درا کھالہ کے علاقے میں گزشتہ روز ڈھنڈوں کے وار سے شدیدز خمی ہونے والا شخص زخموں کی تاب نہ لاکر چل بساہے ،متعلقہ انتظامیہ کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔

علاوہ ازیں  چمن میں کالج روڈ پر ڈاکوؤں نے پک اپ چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر تاجر حاجی شاہ محمد کو شدید زخمی کردیاہے اور پک اپ گاڑی لیکر فرارہوگئے ہیں ،زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال چمن منتقل کردیاگیاہے اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے

دریں اثناء مستونگ کے علاقے میں شدیدزخمی لڑکے کو ہسپتال منتقل کردیاگیاہے جس سے نواب غوث بخش ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کے ساتھ پیش آنیوالے واقعہ سے متعلق کارروائی جاری ہے ۔