بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے آغا محمود کی گیارویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن گیارہ سال پہلے دشمن نے بی این ایم کے ہمدرد اور بلوچ آزادی پسند رہنماء آغا محمود جان کو قتل کرکے شہید کیا۔ لیکن ان کا مشن منزل کے حصول تک جاری رہے گا۔
ترجمان نے کہا کہ شہید آغا محمود مٹی کا قرض ادا کرکے اپنی آخری سانس تک آزادی کی جہد سے وابسطہ رہے۔ انہیں بلوچ قومی تحریک آزادی کے ساتھ عملی اور سچی وابستگی کی بنیاد پر ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا آغا محمود شہید ایک عالم، دور اندیش اور اعلیٰ بصیرت کے حامل رہنماء تھے۔ وہ ہمیشہ آزادی پسند دوستوں کے ساتھ رہے اور اپنی علم و بصیرت سے ان کی سیاسی و فکری حوالے سے تربیت کرنے میں کردار ادا کرتے رہے۔
ترجمان نے کہا شہید آغا محمود کی شہادت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے پُر کرنا یقینا آسان نہیں لیکن جس طرح شہدا نے فلسفہ قربانی سے اپنا متبادل پیدا کیا، اسی طرح آغا محمود کی شہادت و قربانی اور عملی تربیت سے نوجوان ان کا فکر و فلسفہ آگے بڑھا رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا پارٹی شہید آغا محمود کی عظیم قربانی پر انہیں سلام پیش کرتا ہے اور یہ عہد کرتا ہے کہ شہدائے آزادی کا مشن جاری رہے گا۔